ڈینگی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تمام محکموں کو محنت کرنی ہو گی: خواجہ عمران نذیر
05-07-2024
(لاہور نیوز) صوبائی وزراء صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے ڈینگی وائرس پر قابو پانے کیلئے اقدام اٹھانا کسی ایک محکمے کی نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔
صوبائی وزراء صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں ٹیکنیکل ورکنگ گروپ برائے ڈینگی وائرس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس کی موجودگی اور تدارک کیلئے اقدام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر اور دیگر افسران نے صوبائی وزراء صحت کو بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ڈینگی وائرس پر قابو پانے کی ذمہ داری تمام سٹیک ہولڈرز پر بھی عائد ہوتی ہے، ڈینگی سیزن سے پہلے ہی حکومت پنجاب بنیادی حکمت عملی بنا رہی ہے۔ صوبائی وزیر صحت پرائمری خواجہ عمران نذیر نے کہا ماہرین ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے تجاویز مرتب کریں، فیلڈ میں بوگس کارکردگی پر ایکشن لیا جائے گا۔ دوسری جانب انسداد ڈینگی کے لئے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں تیز ہو گئیں، تمام اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں، چوبیس گھنٹے میں 297 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ رواں سال 33 سو 66 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا جا چکا ہے، انتظامی افسران فیلڈ میں ڈینگی ٹیموں کی سخت مانیٹرنگ کر رہے ہیں، ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی سو فیصد کوریج کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔