آئی جی پنجاب کی خودکارنمبر پلیٹ اور چہرے کی شناخت کا سسٹم بہتر بنانے کی ہدایت

05-07-2024

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خود کار نمبر پلیٹ اور چہرے کی شناخت کا سسٹم مزید بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف شریک ہوئے۔ اجلاس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تحت زیر تکمیل وہیکلز رجسٹریشن پلیٹس اور فیشل ریکگنیشن سافٹ ویئرز کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں خود کار رجسٹریشن نمبر پلیٹ اور چہرہ شناخت سافٹ ویئرز کی ٹیسٹنگ اور حاصل کردہ نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران اجلاس ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس نے بتایا کہ خودکار شناخت سسٹم سے چوری شدہ موٹر سائیکلز ، گاڑیوں، رکشوں و دیگر وہیکلز کی نشاندہی اور ریکوری ممکن ہو گی۔ چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے بتایا کہ سیف سٹیز اتھارٹی اور پی آئی ٹی بی کی ٹیمیں سافٹ ویئرز کی  کامیابی 100 فیصد یقینی بنانے کے لئے کام کر رہی ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پی آئی ٹی بی کو سافٹ ویئرز جلد از جلد قابل عمل اور رزلٹ مزید بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔ ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ خود کار نمبر پلیٹ اور چہرے  کی شناخت کے سسٹم کے بہترین رزلٹ لینے کیلئے جدید ترین کیمروں کی مدد لی جائے گی، خود کار سسٹم میں آنے والی چوری شدہ گاڑیوں کا الرٹ جاری ہونے پر پولیس ایپس کی مدد سے فوری ریکوری ممکن ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان جدید سافٹ ویئرز سے جرائم کنٹرول اور سروس ڈلیوری کا عمل مزید بہتر ہوگا۔