گندم کی غیر ضروری درآمد سے کاشتکار کیلئے بحران پیدا ہوا: بلال یاسین

05-07-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ نگران دور حکومت میں گندم کی غیر ضروری درآمد سے کاشتکاروں کیلئے بحران پیدا ہوا۔

اپنے ایک بیان میں رہنما مسلم لیگ ن بلال یاسین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے گندم کے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی جو جلد رپورٹ پیش کرے گی،  حکومت رپورٹ کو پبلک کرنے اور ذمہ داران کے خلاف ایکشن لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ "صوبے میں موجود گندم اگلے پورے سال کیلئے کافی ہے" انہوں نے کہا کہ  پنجاب میں 23 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا کیری فارورڈ سٹاک موجود ہے جو اگلے پورے سال کیلئے کافی ہے، نگران دور حکومت میں گندم کی غیر ضروری درآمد سے کاشتکاروں کیلئے بحران پیدا ہوا۔ صوبائی وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1000 روپے سستا ہوا،  20 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ میں 1700 سے 1800 روپے میں دستیاب ہے،  10کلو آٹے کا تھیلا 900 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، پنجاب بھر میں روٹی اور نان کم کی گئی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر بک رہا ہے۔  بلال یاسین نے مزید کہا کہ آٹے اور روٹی کی قیمت میں کمی سے عام آدمی کا بھلا ہوا،  پوری توجہ غریب آدمی کے ریلیف پر مرکوز کی اور روٹی کی قیمت کم کر کے دکھائی، صوبے کی 50 فیصد آبادی شہروں میں رہتی ہے، غریب عوام آٹے کی قیمت میں کمی پر خوش ہیں۔