تاجروں نے خشک دودھ کی درآمد سے متعلق اہم مطالبات سامنے رکھ دیے
05-06-2024
(ویب ڈیسک) ڈیری پراڈکٹس کےتاجروں نے خشک دودھ کی درآمد پرمکمل پابندی یا اس پرامپورٹ ڈیوٹی بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔
ڈیری اینڈکیٹل فارمنگ، کارپوریٹ ڈیری فارمنگ ایسوسی ایشن سمیت دیگر تنظیموں نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ خشک دودھ کی درآمد بتدریج بند کی جائے تاکہ مویشی پال حضرات کے کاروبار اور ڈیری کمپنیوں کو بند ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیری فارمنگ کا شعبہ پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہے، باقی کسر خشک دودھ کی درآمد اور کسٹم ڈیوٹی میں کمی کرکے پوری کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خشک دودھ امپورٹ کرنیوالی کمپنیوں نے آئندہ بجٹ میں درآمد پر ڈیوٹی مزید کم کرنے کی تجویز دی ہے، خشک دودھ کی درآمد بڑھنے اور ڈیوٹی میں کمی سے مقامی صنعت کو نقصان پہنچے گا۔ ذرائع کے مطابق ملک میں 12پلانٹ خشک دودھ تیار اور ان کی روزانہ پیداوار 10ہزار بیگ ہے، خشک دودھ کی یورپی ممالک سے درآمد پر 75فیصد، ملائیشیا سے درآمد پر 30 فیصد ڈیوٹی عائد ہے جسے 20 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔