نواز شریف کو دوبارہ مسلم لیگ ن کا صدر بنانے کی تیاریاں شروع
05-06-2024
(لاہور نیوز) نواز شریف کو مسلم لیگ ن کا دوبارہ صدر بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔
ماڈل ٹاؤن میں نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں 11 مئی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے، موجودہ سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پارٹی قیادت کو 11 مئی کو جنرل کونسل اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے بریف کیا۔ نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق شریک ہوئے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق 11 مئی کو ن لیگ کی جنرل کونسل کے طلب کردہ اجلاس میں نواز شریف کو پارٹی کا دوبارہ صدر اور خواجہ سعد رفیق کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا جائے گا، شہباز شریف کے پاس اس وقت وزیراعظم اور پارٹی صدارت کا عہدہ بھی موجود ہے۔ جنرل کونسل اجلاس میں نواز شریف کو صدر بنانے کی قرارداد پیش کی جائے گی، مسلم لیگ ن پنجاب کی تنظیم متفقہ طور پر پہلے ہی نواز شریف کو پارٹی صدر بنانے کی قرارداد پاس کر چکی ہے، موجودہ صدر وزیراعظم شہباز شریف حکومتی مصروفیات کے باعث پارٹی امور کو وقت نہیں دے پا رہے تھے۔ پارٹی کو عوامی سطح پر فعال اور منظم بنانے کے لئے حکومتی اور تنظیمی عہدے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ن لیگ کی از سر نو تنظیم سازی کرکے پارٹی کو نواز شریف کی قیادت میں دوبارہ چاروں صوبوں میں متحرک اور فعال کیا جائے گا۔