وزیراعلیٰ پنجاب سے اسسٹنٹ کمشنروں کی ملاقات، میرٹ پر عملدرآمد کی ہدایت

05-06-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پنجاب بھر میں تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنروں نے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ عوام کی زندگی میں آسانیاں اور سہولت لائیں، عوام کی خدمت کا ایجنڈا ہر صورت پورا کیا جائے، کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت افسروں کی ذمہ داری ہی نہیں فرض اولین ہے، ذمہ داری دی نہیں جاتی بلکہ از خود ذمہ داری لی جانی چاہئے، ینگ آفیسرز کو پرفارمنس سے خود کو ثابت کرنا ہو گا، عوامی نمائندوں کی عزت کی جائے، میرے سمیت کسی کی غلط بات نہ مانیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے لیکن انسانی وقار کو بھی برقرار رکھیں، جائز کام ہر ایک کا کیا جائے، ناجائز کام کسی کا نہیں کرنا، ایجوکیشن، ہیلتھ، پرائس کنٹرول سمیت تمام امور پر پوری توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ علاقوں میں 16 روپے کی روٹی اور 20 روپے نان کی فروخت یقینی بنائیں، مصنوعی مہنگائی کو پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے کم کیا جائے۔  وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ میرے اسسٹنٹ کمشنرز میری آنکھیں، کان اور بازو کے مترادف ہیں، سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔