گندم بحران: کسان اتحاد کا 10 مئی سے ملتان سے احتجاج شروع کرنے کا اعلان
05-05-2024
(لاہور نیوز) کسان اتحاد نے گندم بحران پر 10 مئی سے ملتان سے احتجاج شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مافیا نے گندم سمگل کرکے پیسہ کمایا، احتجاج کا سلسلہ پورے ملک میں پھیلائیں گے، ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، گندم کی درآمد سے 1 ارب ڈالر کا زرمبادلہ باہر گیا۔ خالد کھوکھر نے کہا کہ کسانوں کا 400 ارب روپے کا نقصان ہوا، صرف کرپشن کی خاطر 6 کروڑ کاشت کاروں کو ذبح کردیا گیا، مافیا نے گندم سمگل کرکے پیسہ کمایا، ای سی سی میں سمری بھیجنے والوں نے بوٹی کھانے کے لئے اونٹ کو ذبح کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت کسان بہت مشکل میں ہے، کسان چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے مگر اس کو ملتا کچھ نہیں، کسان اس وقت جس تکلیف میں ہے بیان نہیں کر سکتا، کئی بار کہہ چکے ہیں آزادانہ ایگری کلچر کمیشن بننا چاہئے۔ چیئرمین پاکستان کسان اتحاد نے کہا کہ گندم امپورٹ کرنے والے کرداروں کو پھانسی لگانی چاہئے۔