آئی سی سی نے ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کردیا

05-05-2024

(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اکتوبر میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے نویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ شیڈول کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ اور کوالیفائر ون میں شامل ہے۔ گروپ بی میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور کوالیفائر ٹو شامل ہیں۔ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز 3 اکتوبر سے ڈھاکہ میں ہوگا، ایونٹ کا فائنل 20 اکتوبر کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم 6 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ کھیلے گی، پاکستان ٹیم 8 اکتوبر کو آسٹریلیا، 11 اکتوبر کو کوالیفائر ون اور 13 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی۔