عشق مرشد کی کامیابی پر بھلے فیم علی گل ملاح کا عمرہ

05-05-2024

(ویب ڈیسک) مقبول ڈرامہ سیریل ’’عشق مرشد‘‘ میں بھلے کے ڈائیلاگ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار علی گل ملاح نے کہا ہے کہ ڈرامے کی کامیابی کے بعد وہ خدا کا شکر ادا کرنے کیلئے عمرے کی ادائیگی کیلئے گئے۔

عشق مرشد کی آخری قسط کو تین مئی کو سینماؤں میں دکھایا گیا تھا، ڈرامے کا آغاز اکتوبر 2023 میں ہوا تھا۔ ہدایت کار فاروق رند کے ڈرامے کی کہانی عبدالخالق خان نے لکھی تھی جبکہ اس میں بلال عباس خان، درفشاں سلیم، علی گل ملاح اور دیگر اداکاروں نے شاندار اداکاری کی۔ حال ہی میں ڈرامے کی آخری قسط کے لاہور میں ہونے والے پریمیئر کے دوران علی گل ملاح نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ڈرامے میں بھلے کا ڈائیلاگ بار بار بولنے سے انہیں بیرون ممالک بھی شہرت ملی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈراما نشر ہونے کے بعد جب وہ بیرون ممالک سفر پر گئے تو وہاں مختلف لوگ انہیں بھلے کے کے کردار سے پہچاننے لگے اور ان کی عزت افزائی کی جانے لگی۔ اداکار کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ کئی سال سے تھیٹر اور سندھی ڈراموں میں کام کرتے آ رہے تھے لیکن انہیں شہرت عشق مرشد کے کردار سے ملی اور انہیں نہ صرف عام لوگ بلکہ پڑھے لکھے لوگ بھی پہچاننے اور عزت دینے لگے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ابتدائی طور پر عشق مرشد میں ان کے کردار کے صرف دو سین تھے لیکن بعد میں ان کے کردار کو باضابطہ طور پر ڈرامے کا حصہ بنایا گیا اور اختتام تک وہ کردار ادا کرتے رہے۔ علی گل ملاح کے مطابق عشق مرشد میں کام کرنے کے بعد انہیں عالمی سطح پر شہرت ملی اور وہ شہرت اور عزت ملنے پر خدا کا شکر ادا کرنے کے لیے عمرہ کرنے گئے۔