ہربنس پورہ: ایلیٹ فورس کی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 9 سالہ بچہ جاں بحق

05-05-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقے ہربنس پورہ میں ایلیٹ فورس کی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 9 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔

پولیس وین کی ٹکر سے 9 سالہ ریحان کے جاں بحق ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس  میں دیکھا گیا کہ متوفی ریحان گلی میں سائیکل چلا رہا تھا کہ تیز رفتار پولیس وین نے اسے کچل دیا۔ حادثہ کے بعد گلی میں موجود افراد بچے اور پولیس وین کے گرد جمع ہوئے اور 9 سالہ ریحان کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے وین ڈرائیور کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزم ساجد کو اپنی تحویل میں لے لیا جبکہ متوفی کی لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ واضح رہے کہ جاں بحق ہونے والا ریحان والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔