عاطف اسلم ملیالم فلموں میں انٹری دینے کیلئے تیار

05-04-2024

(لاہور نیوز) پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار عاطف اسلم اردو، ہندی اور پنجابی گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگانے کے بعد اب ملیالم میوزک انڈسٹری میں بھی قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شین نگم نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں عاطف اسلم کے ہمراہ تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی کیپشن میں اس بات پر خوشی کا اظہار بھی کیا ہے کہ ان کی آنے والی فلم میں پاکستانی گلوکار نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ شین نگم نے اپنے کیپشن میں لکھا کہ ’عادت، وہ لمحے، تیرے بن سمیت آپ کے تقریباً تمام گانے میرے دل کے ہمیشہ سے بہت قریب رہے ہیں، آپ کی آواز روح کو تسکین پہنچاتی ہے‘۔انہوں نے لکھا کہ ’میں واقعی خوش قسمت ہوں کہ آپ سے ملنے کا موقع ملا اور آپ نے فلم ’حال‘ کو اپنی آواز دی، میں پہلے ہی اس گانے کا عادی ہوچکا ہوں اور امید ہے کہ باقی سب بھی اسے پسند کریں گے۔ واضح رہے کہ پرشانت وجے کمار کی ہدایت کردہ فلم ’حال‘ کے لیے عاطف اسلم کا گانا ایک بین الاقوامی سٹوڈیو میں ریکارڈ کیا گیا ہے جسے ننداگوپن وی نے کمپوز کیا ہے اور اس کے بول مریدول میر اور نیرج کمار نے لکھے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’حال‘ ایک میوزیکل رومانس فلم ہے جسے نشاد کویا نے تحریر کیا ہے۔