صفائی کے نظام کو شہر شہر پھیلانے کی پالیسی پر عمل درآمد شروع

05-04-2024

(لاہور نیوز) صفائی کے نظام کو شہر شہر گاؤں گاؤں پھیلانے کی پالیسی پر عمل درآمد شروع ہو گیا۔

لاہور سمیت صوبہ بھر میں صفائی کے لئے 2 سو 50 گھروں پر ایک صفائی ورکر تعینات کیا جائے گا، صوبہ پنجاب ایک کروڑ 27 لاکھ 6 سو 89 نفوس پر مشتمل ہے۔ دنیا نیوز / لاہور نیوز کو موصول دستاویز کے مطابق صوبہ پنجاب میں سالانہ ایک ارب 88 کروڑ کے فنڈز ستھرا پنجاب کے لئے مختص کئے گئے ہیں، صوبہ پنجاب میں صفائی کیلئے ایک لاکھ 15 ہزار سینٹری ورکرز بھرتی کئے جائیں گے، صوبہ پنجاب میں کوڑا اٹھانے کا ریٹ فی نفوس سالانہ 13 سو 85 روپے رکھا گیا۔ دستاویز کے مطابق صوبہ بھر میں روزانہ 57 ہزار 5 سو ٹن کوڑا کمرشل اور گھروں کے باہر پھینکا جاتا ہے، صرف 18 ہزار 4 سو 38 ٹن ویسٹ ڈمپ کیا جاتا ہے، 39 ہزار 62 ٹن کوڑا اٹھایا ہی نہیں جاتا، لاکھوں ٹن ویسٹ ماحولیاتی آلودگی کا بن باعث رہا ہے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں سو سے زائد عارضی کلیکشن پوائنٹس بنائے جائیں گے، تحصیل سطح پر سالڈ ویسٹ کمپنیز کے پاس نالوں کی صفائی کی ذمہ داری بھی ہو گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صفائی فارمولہ کو سراہتے ہوئے اگلے چار ماہ میں صفائی نظام کو فعال کرنے کے احکامات  جاری کر دیئے۔