قرضوں پر انحصار کے باعث پاکستان کا معاشی ماڈل غیر پائیدار ہے: عالمی بینک

05-04-2024

(ویب ڈیسک) عالمی بینک نے کہا ہے کہ قرضوں پر انحصار کی وجہ سے پاکستان کا معاشی ماڈل غیر پائیدار ہے۔

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے زیر اہتمام مالیاتی اور گورننس اصلاحات پر ہونے والے مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے جنوبی ایشیا کیلئے عالمی بینک کے ریجنل ڈائریکٹر میتھیو ورغیس نے کہا ہے کہ پاکستان میں جی ڈی پی کے تناسب سے قرضوں کی شرح 80 فیصد تک پہنچ گئی، اخراجات آمدنی سے زیادہ ہیں جس کے نتیجے میں ملکی اور بیرونی قرضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ میتھیو ورغیس نے مزید کہا ہے کہ مالی اور حسابات جاریہ کے کھاتوں کے توازن کیلئے قرضوں پر انحصار کی وجہ سے پاکستان کا معاشی ماڈل غیر پائیدار ہے، معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے اصلاحات کا عمل آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، نوجوان آبادی، قدرتی وسائل اور اہم سٹریٹجک مقام سے فائدہ اٹھا کر پاکستان مجموعی قومی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 7 سے 8 فیصد تک نمو حاصل کر سکتا ہے۔