آئندہ بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے ٹیکس آمدن بڑھانے کی تجویز

05-04-2024

(ویب ڈیسک) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے ٹیکس آمدن بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں بے نامی کیخلاف ایکشن بڑھانے کی تجویز بھی دی گئی ہے جبکہ تاجر دوست ایپ نہ رکھنے والوں کے خلاف ایکشن کی تیاری بھی کر لی گئی ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ بجٹ میں بجلی اور گیس سیکٹر کی سبسڈی مزید محدود کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے اور نئے مالی سال میں نیپرا اور اوگرا کے فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کرنے کی تجویز پر بھی غور ہو گا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے مزید کہا ہے کہ نئے مالی سال میں ترقیاتی بجٹ صرف تکمیل کے قریب منصوبوں کو دینے پر غور کیا جائے گا جبکہ نئے مالی سال میں تمام وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کے آڈٹ کئے جائیں گے اور نئے مالی سال میں نجکاری کا عمل تیز کیا جائے گا۔