گندم بحران کے ذمے دار امپورٹرز کی فہرست لاہور نیوز نے حاصل کر لی

05-03-2024

(لاہور نیوز) گندم بحران کے ذمے دار امپورٹرز کون کون سے ہیں، لاہور نیوز نے فہرست حاصل کر لی۔

نگران دور میں درآمد کی گئی گندم روس، بلغاریہ اور رومانیہ سے منگوائی گئی، مجموعی طور پر 36 لاکھ 12 ہزار 827 میٹرک ٹن گندم پاکستان منگوائی گئی، 12 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد ضرورت نہ ہونے کے باوجود گندم درآمد ہوئی، نیشنل فوڈ سکیورٹی کی اجازت پر ای سی سی نے گندم منگوانے کی منظوری دی، اضافی گندم امپورٹ کی مانیٹرنگ نہ کرنے پر سیکرٹری نیشنل فوڈ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ گندم امپورٹ کرنے والی 65 کمپنیوں کی فہرست دنیا نیوز/ لاہور نیوز نے حاصل کر لی، لوئس ڈریفس کمپنی پاکستان لمیٹڈ نے 8 لاکھ 49 ہزار 448 میٹرک ٹن اور یونائیٹڈ ریسورسز کارپوریشن نے 5 لاکھ 20 ہزار 442 میٹرک ٹن گندم منگوائی، یونائیٹڈ ایگرو کیمیکل نے 1 لاکھ 91 ہزار 689 میٹرک ٹن ، ایم ایس سندھ فیڈ اینڈ الائیڈ پراڈکٹس نے 1 لاکھ 34 ہزار 404 ، یونائیٹڈ ایگرو فرٹ نے 1 لاکھ 21 ہزار 600 میٹرک ٹن، ڈی ڈی شپ بریکرز کمپنی نے 1 لاکھ 14 ہزار میٹرک ٹن گندم امپورٹ کی، وولکا فوڈ انٹرنیشنل لمیٹڈ نے 97 ہزار 349 میٹرک ٹن، ایم ایس تھارا انٹرنیشنلنے 97 ہزار 30 ،حنیف اینڈ کمپنی  نے 93 ہزار 580 اور کلاسک فلور ملز نے71 ہزار 875 میٹرک ٹن گندم ملک میں منگوائی، الحمزہ ٹریڈنگ کمپنی نے 66 ہزار 825 میٹرک ٹن جبکہ غریب سنز پرائیویٹ لمیٹڈ نے 66 ہزار 825 میٹرک ٹن گندم درآمد کی۔ امپورٹ کی گئی گندم سے پنجاب کا کسان رُل گیا، پنجاب میں گندم کی نئی فصل امپورٹڈ گندم کی وجہ سے تاحال نہ خریدی جا سکی۔ وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا ہے کہ گندم درآمد کرنے کی تحقیقات جاری ہیں، کسان کا چھینا ہوا نوالہ ہر صورت واپس لیا جائے گا۔