مذاکرات کیلئے ہمیں کسی کا کوئی پیغام نہیں ملا: بیرسٹر گوہر
05-03-2024
(ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس کسی کا مذاکرات کے لئے کوئی پیغام نہیں آیا، ہماری کسی سے کوئی بات نہیں ہو رہی، 9 مئی واقعات کی شفاف انکوائری کرائی جائے۔
میڈیا سے گفتگو میں مرکزی رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو لوگ ہمارے مینڈیٹ چور ہیں، ان کے علاوہ سب سے بات ہو گی ، امید ہے کہ سپریم کورٹ سے مخصوص نشستوں پر ہمارے حق میں فیصلہ ہو گا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سارے کیسز سیاسی بنیادوں پر ہیں، ان کو کیسز میں کچھ نہیں مل رہا، یہ ایک اور بوگس کیس بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمارے کیسز کے بروقت فیصلے کئے جائیں ، فیصلے بروقت نہ کرنا بھی ناانصافی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 8 تاریخ کو مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت ہے، ہمیں امید ہے کہ مخصوص نشستیں ہمیں قانون کے مطابق ملیں گی، امید ہے سپریم کورٹ ہماری مخصوص نشستیں بحال کرے گی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عام انتخابات پر پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر جاری کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے وائٹ پیپر کے اجرا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔