تین سال گزر گئے، ریٹائرڈ ریلوے ملازمین کو واجبات نہ مل سکے
05-03-2024
(لاہور نیوز) ریلوے کے ریٹائرڈ ملازمین کی مشکلات کم نہ ہوسکیں، تین سال گزرنے کے باوجود ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات نہ مل سکے، ریلوے پریم یونین نے واجبات نہ ادا کرنے کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔
تین سال قبل 2021 میں ریٹائر ہونے والے متعدد ملازمین کو تاحال واجبات کی ادائیگی نہیں ہوسکی، جی پی فنڈ، گریجویٹی اور انکیشمنٹ کے لیے ملازمین دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے میرج گرانٹ سمیت دیگر واجبات بھی ادا نہیں کئے گئے، واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ریلوے ملازمین پریشانی کا شکار ہیں۔ ریلوے پریم یونین نے ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات نہ ادا کرنے کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر پریم یونین شیخ محمد انور کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کا برا حال ہے، بیمار اور بزرگ ملازمین اپنی ادویات خریدنے سے بھی قاصر ہیں، متعدد ریٹائرڈ ملازمین اپنی بچیوں کی شادیاں نہیں کرسکے، وہ واجبات کے انتظار میں ہیں، ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی مد میں ریلوے نے 18 ارب سے زائد ادا کرنے ہیں۔ شیخ محمد انور نے مزید کہا ہے کہ متعدد ریٹائرڈ ملازمین واجبات کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر لگاتے دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں، ریلوے انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور ریٹائرڈ ملازمین کا حق ادا کرے۔