محسن نقوی کا خواجہ آصف کے ہمراہ لاہور ایئرپورٹ کا دورہ،سہولتوں پر عدم اعتماد

05-03-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کیلئے موجود سہولیات پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی وزیر ایوی ایشن و دفاع خواجہ آصف کے ہمراہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا 2 گھنٹے طویل دورہ کیا۔ وفاقی وزراء نے امیگریشن کاؤنٹرز پر مسافروں کے لئے انتظامات کاجائزہ لیا، اے این ایف، اے ایس ایف اور کسٹمز کے سرچ کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا، وفاقی وزراء نے ایئرپورٹ پر مسافروں کیلئے موجود سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔ وفاقی وزراء نے ایئرپورٹ پر مسافروں کے لئے سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ لاہور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سہولت کیلئے امیگریشن کاؤنٹرز میں اضافہ ہوگا۔ وزیر داخلہ نے حکم دیا کہ ایئرپورٹ پر سرچ کے طویل اور 3 درجاتی عمل کو آسان اور تیز بنایا جائے۔ محسن نقوی نے اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹمز کے حکام سے سرچ کو سہل بنانے کا پلان طلب کر لیا اور قابل عمل پلان اگلے 24 گھنٹے میں تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ وفاقی وزراء کی زیر صدارت ایئرپورٹ کے کانفرنس روم میں اجلاس بھی ہوا جس میں ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کیلئے اقدامات کے بارے بریفنگ دی گئی، وفاقی وزراء نے متعلقہ حکام کو مسافروں کے لئے سہولتیں بڑھانے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ لاہور ایئرپورٹ پر کامیاب تجربے کے بعد سرچ کے عمل کو دیگر ایئرپورٹس پر بھی شروع کیا جائے گا، ایئرپورٹس پر مسافروں کی آمدورفت سہل بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرون ملک روانگی اور آمد ٹرمینل پر امیگریشن کے کاؤنٹرز میں اضافے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو انتظار کی زحمت سے بچانے کیلئے فوری طور پر امیگریشن کاؤنٹرز کی تعداد بڑھائی جائے، 3 روز میں امیگریشن کاؤنٹرز میں اضافے کا حتمی پلان پیش کیا جائے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ امیگریشن کاؤنٹرز بڑھنے سے مسافروں کو انتظار سے نجات ملے گی، مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے آؤٹ آف باکس اقدامات کئے جائیں۔