کیارا ایڈوانی کی ہمشکل قرار دینا میرے لیے خوشی کی بات ہے: ایمن سلیم

05-02-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل ایمن سلیم نے خود کو بھارتی اداکارہ کیارا ایڈوانی کی ہمشکل قرار دیئے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں اداکارہ ایمن سلیم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی سٹوری پر سوال جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں انہوں نے مداحوں کی جانب سے  پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔ ایک سوال کے جواب میں ایمن سلیم نے بتایا کہ شادی کے بعد وہ شوہر کے ہمراہ لندن منتقل ہو چکی ہیں لیکن ان کا واپس پاکستان آنے کا ارادہ ہے، انہیں اپنے ملک سے بہت پیار ہے۔ اداکارہ نے خوبصورتی پر تعریفیں کرنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک سوال پر واضح کیا کہ ان کا فوری طور پر سکرین پر واپسی کا کوئی ارادہ نہیں۔ ایمن نے شادی شدہ جوڑوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ شادی شدہ جوڑوں کو ایک دوسرے کے ساتھ سچا رہنا چاہئے، ایک دوسرے کو خوش رکھنے کی کوشش کرنی چاہئے جب کہ وفاداری اور ایک دوسرے کا احترام بھی لازمی ہے۔ سوال جواب کے سیشن کے دوران ہی ایک مداح نے انہیں بھارتی اداکارہ کیارا ایڈوانی کی ہمشکل قرار دیا جس پر اداکارہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیارا ایڈوانی میری پسندیدہ بالی ووڈ اداکارہ ہیں اور مجھے ان کا ہم شکل قرار دینا میرے لیے خوشی کی بات ہے۔