نیلم جہلم کے ٹنل میں ایک مرتبہ پھر فنی خرابی، بجلی کی پیداوار بند

05-02-2024

(ویب ڈیسک) نیلم جہلم کے ٹنل میں ایک مرتبہ پھر فنی خرابی پیدا ہو گئی جس کے باعث بجلی کی پیداوار بند ہو گئی، نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ کے 48 کلومیٹر کے ہیڈ ریس ٹنل کو بند کر دیا گیا۔

ایک ماہ قبل ہیڈ ریس ٹنل کے پریشر میں کمی واقع ہوئی تھی، خرابی کی نشاندہی کے بعد کنسلٹنٹس اور بین الاقوامی ماہرین کی مشاورت سے بحالی کیلئے جامع پلان بنایا جائے گا۔ نیلم جہلم پراجیکٹ کے ہیڈ ریس ٹنل کے پریشر میں 2 اپریل کو اچانک کمی مشاہدے میں آئی تھی، کنسلٹنٹس کی مشاورت سے پریشر میں کمی بیشی مانیٹر کرنے کیلئے پلانٹ کو 530 میگاواٹ پر چلایا جا رہا تھا۔ 29 اپریل کو رات 11 بجے کے قریب ہیڈ ریس ٹنل کے پریشر میں مزید تبدیلی مشاہدے میں آئی، پلانٹ سے بجلی کی پیداوار بتدریج کم کی گئی تاہم پریشر حفاظتی حد پر برقرار نہ رہ سکا، پلانٹ کو گزشتہ روز 6 بجے صبح ہیڈ ریس ٹنل کی انسپکشن کیلئے بند کر دیا گیا۔ ہیڈ ریس ٹنل سے پانی کے اخراج کیلئے کنسلٹنٹس سے تفصیلی بات چیت کی گئی، اِن ٹیک گیٹس بند کرنے کے بعد ہیڈ ریس ٹنل سے پانی کے اخراج کا عمل شروع کر دیا گیا، ٹنل کی حفاظت کے پیش نظر پانی کا اخراج وقفہ وقفہ سے کیا جائے گا۔