پی آئی اے نے متحدہ عرب امارات کا سفر کرنیوالوں کیلئے ہدایات جاری کردیں

05-02-2024

(لاہور نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے متحدہ عرب امارات کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے سفری ہدایات جاری کر دیں۔

پی آئی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں کے باعث دبئی اور شارجہ کے لیے فضائی آپریشن شدید متاثر ہے، پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کے فضائی آپریشن تاحکم ثانی معطل رہیں گے۔ انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قومی ایئر لائن کی کچھ پروازوں کو خراب موسم کی وجہ سے تاخیر اور منسوخی کا سامنا ہے، پی آئی اے کو اپنے مسافروں کی زحمت کا بھرپور احساس ہے، صورتحال بہتر ہوتے ہی پی آئی اے اپنا فضائی آپریشن فی الفور شروع کر دے گا۔ قومی ایئرلائن  انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ متاثرہ پروازوں کے مسافروں سے التماس ہے کہ وہ اپنی پرواز کی معلومات کے لیے پی آئی اے کے کال سینٹر 786 786 111 سے رابطے میں رہیں۔