جناح ہسپتال میں گردوں کی پیوندکاری کی سہولت یقینی بنائی جائیگی: وزیر صحت
05-02-2024
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے جناح ہسپتال میں گردوں کے ٹرانسپلانٹ کیلئے تمام سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کروادی۔
صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے جناح ہسپتال کے یورالوجی ٹرانسپلانٹ سنٹر کا دورہ کیاجہاں جناح ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ سلطان، وائے ڈی اے کے رہنما، یورالوجی ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شبیر نے ان کا استقبال کیا۔ خواجہ عمران نذیر نے یورالوجی یونٹ میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور طبی سہولیات سے متعلق پوچھا، صوبائی وزیر صحت نے بچوں کے مفت کڈنی ٹرانسپلانٹ کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر صحت نے 8ویں مفت کڈنی ٹرانسپلانٹ کروانے والے مریض شہباز کو ہسپتال سے چھٹی ملنے پر وزیراعلیٰ کی جانب سے مٹھائی اور گلدستہ پیش کیا جبکہ نیفرالوجی وارڈ میں داخل سابق ایم پی اے چودھری محمد حنیف سے بھی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح ہسپتال کے یورالوجی یونٹ میں 8 کڈنی ٹرانسپلانٹ کے کامیاب آپریشن کئے گئے ہیں جس پر ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کڈنی ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولیات کا دائرہ کار پنجاب بھر میں پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے کڈنی ٹرانسپلانٹ پر اٹھنے والے مکمل اخراجات پنجاب حکومت برادشت کرے گی، اگلے مرحلے میں بچوں کے کڈنی ٹرانسپلانٹ جلد شروع کردیئے جائیں گے، تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت ہے کہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل اخراجات اور دیگر فیسوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کے تمام ہسپتالوں کی ریویمپنگ تیزی سے مکمل کی جارہی ہے۔