پولیس کانسٹیبل کو شہید کرنیوالے مشکوک شخص کی تصویر منظرعام پر آگئی
05-02-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس کانسٹیبل کو شہید کرنیوالے مشکوک شخص کی تصویر منظر عام پر آگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور کی یہ تصویر سیف سٹی کیمرے کی مدد سے لی گئی ہے،پولیس کو شک ہے کہ مشکوک شخص پولیس اہلکار پر حملے میں ملوث ہے۔ ذرائع کا بتانا ہےکہ پولیس اہلکار ایک دکان پرکھڑا تھا کہ اچانک ملزم نے فائرنگ کر دی تھی، اہلکار پر فائرنگ کرکے شوٹر بھاٹی گیٹ کی طرف فرار ہوا تھا۔ واضح رہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کانسٹیبل غلام رسول کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی، شہید کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔ شہید پولیس کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا ادھر شہید پولیس کانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں آئی جی پنجاب سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی، کور کمانڈر لاہور جنرل سید عامر رضا اور سی سی پی او لاہور بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ آئی جی پنجاب نے شہید کانسٹیبل کو سلامی پیش کی اور چادر چڑھائی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید پولیس اہلکار کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔