گوگل کا پاکستان میں 50 سمارٹ سکول قائم کرنے کا اعلان

05-02-2024

(ویب ڈیسک) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں 50 جدید ٹیکنالوجی کے حامل سمارٹ سکول قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اسلام آباد میں قائم کئے جانے والے سمارٹ سکولز 30 ہزار گوگل فار ایجوکیشن آئی ڈیز سے لیس ہوں گے جن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، بہتر تعاون اور پیداواری صلاحیت کیلئے ڈیجیٹل ٹولز جیسی خصوصیات شامل ہوں گی۔ اس حوالے سے اساتذہ کی ٹریننگ کے لئے خصوصی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ گوگل فار ایجوکیشن ٹیم نے سیکرٹری تعلیم سے ملاقات کی اور حکومت کو پاکستان کے تعلیمی شعبے کیلئے آنے والے منصوبے پیش کئے۔ ملاقات کے دوران گوگل فار ایجوکیشن ٹولز پر اساتذہ کی ورکشاپس، ایک پبلک گوگل ریفرنس سکول کا قیام، 2 ہزار نوجوانوں کو گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کے ذریعے ملازمت کیلئے ہنر کی تربیت اور ہوسٹنگ پر ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔