لاہور میں عوامی رکشہ یونین کی یوم مزدور کے حوالے سے احتجاجی ریلی

05-01-2024

(لاہور نیوز) لاہور میں عوامی رکشہ یونین نے یوم مزدور کے حوالے سے لبرٹی چوک سے احتجاجی ریلی نکالی۔

لبرٹی چوک سے عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، رکشہ ڈرائیوروں نے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا، ٹرانسپورٹر بجاش خان نیازی  بھی موجود تھے۔ چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ یوم مزدور پر افسروں کو چھٹی ہے جبکہ مزدور روزی کمانے کیلئے باہر ہیں، کسٹمز حکام نے بزرگ رکشہ ڈرائیور کو منشیات فروشی کے الزام میں ناجائز گرفتار کروایا، اعلان کرتے ہیں کہ جلد کسٹم ہاؤس کا گھیراؤ کرنے آ رہے ہیں۔ رکشہ ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہماری فلاح و بہبود کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے، مزدور اگر ایک دن بھی کام نہ کرے تو اسکے گھر میں فاقے پڑ جاتے ہیں۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ٹرانسپورٹر بجاش خان نیازی نے کہا کہ مزدوروں کے عالمی دن پر حکومت کو محنت کشوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کا اعلان کرنا چاہئے تھا۔