خدمت کرنے والی حکومت کنٹینرز کا مثبت استعمال کرتی ہے: مریم نواز
05-01-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خدمت کرنے والی حکومت کنٹینرز کا مثبت استعمال کرتی ہے، سب کو پتہ ہے آج سے پہلے کنٹینرز کا استعمال جلاؤ، گھیراؤ میں ہوتا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بہاولپور میں پہلے فیلڈ ہسپتال کا افتتاح کر دیا، مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری بھی مریم نواز کے ساتھ تھیں، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ ٹک ٹاک بنانے کیلئے باہر نکلنا پڑتا ہے، کام کرنا پڑتا ہے، مخالفین بھی کوئی اچھا کام کریں تاکہ ان کا بھی ٹک ٹاک بنے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ 2 ہفتے میں ایئر ایمبولینس شروع کرنے جا رہے ہیں، ایئر ایمبولینس امیروں کیلئے نہیں غریبوں کیلئے ہو گی، عوام کی دہلیز تک صحت کی سہولت پہنچائیں گے، 6 ہفتے میں نواز شریف اور میرے خواب کی تکمیل ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال بہاولپور کے دیہی علاقوں میں پہنچے گا، گاؤں کے لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، کلینک کی طرح فیلڈ ہسپتال میں تمام سہولیات دی گئی ہیں، فیلڈ ہسپتال میں زچہ بچہ کی بھی سہولت موجود ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال میں 100 سے زائد موقع پر فری ادویات فراہم کی جائیں گی، اس ہسپتال میں ہیلتھ ورکرز بھی موجود ہوں گی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے دیہی علاقہ کی خواتین سے بھی ملاقات کی۔