رولز میں ترامیم کے معاملے پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے کمیٹی تشکیل دے دی
05-01-2024
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کے رولز میں ترامیم کے معاملے پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے 12 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کردی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کمیٹی کے کنوینئر ہوں گے جبکہ وزیرپارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان اور اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کمیٹی ممبرز مقرر کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اراکین اسمبلی سمیع اللہ خان ،رانا آفتاب احمد خان ،عثمان لغاری اور افتخار چھچھر کمیٹی ممبرز ہوں گے، سردار اویس دریشک ، سارہ احمد ،آمنہ حسن ، جنید افضل ساہی اور سردار محمد علی خان کو بھی ممبر مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی قومی اسمبلی کے رولز کی طرز پر پنجاب اسمبلی رولز میں ترامیم کے لئے سفارشات تیار کر کے تین ماہ میں اپنی رپورٹ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کرے گی۔