گندم کی خریداری، چھوٹے کسانوں کو سبسڈی دینے پر تجاویز طے نہ ہو سکیں

04-30-2024

(لاہور نیوز) گندم کی خریداری کے معاملے پر پنجاب حکومت چھوٹے کسانوں کو سبسڈی دینے سے متعلق تجاویز طے نہ کر سکی۔

ذرائع محکمہ خوراک کے مطابق پنجاب حکومت کی گندم خریداری پالیسی پر صرف ایک لاکھ 20 ہزار کسان پورا اترتے ہیں، حکومت فی الحال کسانوں کو چند سو روپے فی من سبسڈی دینے پر غور کر رہی ہے، خریداری پالیسی پر پورا اترنے والے کسانوں کو سبسڈی دی جائے تو 5 ارب روپے سے زائد رقم بنتی ہے، سبسڈی دینے سے بھی کسانوں کے احتجاج کا معاملہ ختم ہونے کا امکان نظر نہیں آ رہا۔  پنجاب حکومت پالیسی کے مطابق 10 فیصد نمی کے ساتھ گندم خریدنے پر تیار ہے، پنجاب کے کسی بھی ضلع میں 10 فیصد نمی والی گندم موجود نہیں، بارشوں کے باعث گندم میں نمی کا تناسب 16 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے کسانوں کو گندم خریداری کا عندیہ دیا، حکومت کے پاس اگلے پورے سال کیلئے گندم وافر مقدار میں موجود ہے، وافر گندم، نمی کا تناسب اور معاشی صورتحال گندم خریداری میں رکاوٹ ہیں۔ چیئرمین کسان اتحاد رہنما خالد حسین کا کہنا ہے حکومت نے گندم نہ خریدی تو کسان احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔