ٹک ٹاکر حکومت گندم کے معاملے پر فیل ہو چکی: اپوزیشن لیڈر پنجاب

04-30-2024

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و رہنما سنی اتحاد کونسل ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ کسان اس وقت معاشی بدحالی کا شکار ہیں، ٹک ٹاکر حکومت گندم والے مسئلے پر بالکل فیل ہوچکی ہے۔

پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ حکومت نے ابھی تک گندم کے معاملے پر کوئی پالیسی نہیں دی، ہماری فارم 47 کی ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ ہیں، انہوں نے صرف ٹک ٹاک پر زور رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز اور ممبرز کے علاوہ کسانوں کو بھی پکڑا جارہا ہے، دو دن ہوگئے ہیں ان کی پولیس اب کسانوں کے پیچھے ہے، کسانوں کی گندم باہر پڑی ہے اور پولیس گھروں میں گھس رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ان کو چاہیے تھا کہ حکومتی پالیسی بھی وضع کریں، دوسرا کام یہ کررہے ہیں کہ ہم بارڈر کھولیں گے، کے پی میں 6 لاکھ ٹن گندم کی گنجائش بنتی ہے، یہ بدنیت ہیں اور ان کی نیت میں کھوٹ ہے اس لیے یہ کسان سے دھوکہ کررہے ہیں۔ ملک احمد خان بھچر نے مزید کہا کہ وزیراعظم ایک اور جھوٹ بول کر گئے ہیں، شہباز شریف نے کہا 18 لاکھ میٹرک ٹن گندم پاسکو خریدے گی، پاسکو کو تو انہوں نے پیسے ہی جاری نہیں کیے، ان کو چاہیے پنجاب میں پاسکو کا دائرہ کار بڑھا دیں۔