پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ 12 مئی سے شروع ہوگا
04-30-2024
(ویب ڈیسک) پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو تھری ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ 12 مئی سے شروع ہوگا۔
ملک میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے بعد گریڈ ٹو لیول پر بھی ڈیپارٹمنٹ ٹیموں کے درمیان مقابلے اگلے ماہ شروع ہوجائیں گے، تین روزہ گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ میں 23 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان ڈیپارٹمنٹل ٹیموں میں کسی کی بھی پیراشوٹ انٹری کو روکنے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکٹ ہونے والے کھلاڑیوں کا کم از کم ڈسٹرکٹ لیول پر کرکٹ کھیلنا لازمی قرار دیا ہے جبکہ ٹیموں کو پاکستان انڈر 19 کھیلنے والے پلیئرز بھی شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایونٹ کیلئے تیار کردہ شیڈول کے مطابق پول اے میں کے پی ٹی، احمد گلاس، ریلویز، تارا گروپ ، انکم ٹیکس اور خیابان امین کی ٹیمیں شامل ہیں ۔ پول اے کے میچز لاہور کے تین مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے۔ پول بی میں ایئرفورس، پاک سعودی گروپ، ایم آئی ٹی، کارواں سی سی، صابر پولٹری اور غنی انسٹی ٹیوٹ شامل ہیں اور پول بی کے میچز صوابی ، مردان اور پشاور میں کھیلے جائیں گے۔ پول سی کی ٹیموں میں آرمی ، او جی ڈی سی ایل، سی ڈی اے، سروس انڈسٹری، جی ڈی ڈبلیو اور حیدری انڈسٹری شامل ہیں۔ اس کے میچز اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہوں گے جبکہ پول ڈی میں شامل نیوی، عمر ایسوسی ایٹس ، ایشال ایسوسی ایٹس، سردار سپورٹس اور اذلان ٹریڈرز کے میچز مریدکے اور شیخوپورہ میں ہوں گے ۔ سیمی فائنلز 3 سے 5 جون جبکہ فائنل 8 سے 11 جون تک ہوگا ۔