وزیر داخلہ کا نادرا سنٹر کینٹ کا دورہ، انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت

04-30-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضرار شہید روڈ لاہور کینٹ کے نادرا سنٹر میں انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضرار شہید روڈ لاہورکینٹ کے نادرا سنٹر کا دورہ کیا اور شناختی کارڈ و دیگر ضروری دستاویزات بنوانے کے لئے آئے شہریوں سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے شہریوں سے دستاویزات کے حصول کے بارے دریافت کیا اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے، وزیرداخلہ نے نادرا سنٹر میں شہریوں کے لئے سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ  نے  نادرا  سنٹر ضرار شہید روڈ میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت  کی، انہوں نے کاؤنٹرز پر موجود شہریوں سے گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نادرا میں ایجنٹ مافیا نہیں ہے تو پاسپورٹ آفس سے بھی اس کا خاتمہ کریں گے، نادرا سنٹرز کے دورے عوام کو انتظار اور تاخیر کی زحمت سے بچانے کے لئے کر رہا ہوں، پوری کوشش ہے نادرا سنٹرز میں بلا تاخیر شہریوں کو دستاویزات فراہم کی جائیں۔