کنسرٹ کے دوران تعارف کروانے پر ماہرہ خان خوشی سے نہال
04-29-2024
(ویب ڈیسک) بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ کی جانب سے کانسرٹ کے دوران تعارف کروانے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان خوشی سے باغ باغ ہو گئیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ دبئی میں ایک کنسرٹ کے دوران پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو پہچاننے میں ناکام رہتے ہیں تاہم کچھ دیر بعد احساس ہونے پر اریجیت نے ماہرہ کا بھرپور انداز میں تعارف کروایا۔ وائرل ویڈیو میں اریجیت سنگھ کنسرٹ کے دوران شرکاء کو کہتے ہیں کہ آپ سب لوگوں کو جان کر حیرانی ہو گی، کیا میں نام بتا دوں؟ میں بہت اچھے انداز میں نام بتاؤں گا، کیا کیمرہ یہاں آ سکتا ہے؟ میں اس خاتون کو پہچاننے کی کوشش کر رہا تھا لیکن پھر یاد آیا کہ میں ان کیلئے گانا گا چکا ہوں۔ بھارتی گلوکار نے مزید کہا کہ خواتین و حضرات ماہرہ خان بالکل میرے سامنے بیٹھی ہوئی ہیں، میں اِن کا گانا ظالما گا رہا تھا اور یہ بھی ساتھ ساتھ گا رہی تھیں اور کھڑی ہوئی تھیں لیکن میں انہیں پہچان نہیں سکا جس پر میں معذرت خواہ ہوں، میڈم آپ کا بہت بہت شکریہ۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کالے رنگ کے لباس میں ملبوس ماہرہ خان گلوکار اریجیت کی گفتگو کے بعد پھولے نہیں سما رہیں اور بھرپور خوشی کا اظہار کر رہی ہیں، اداکارہ نے تعارف کروانے پر اریجیت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ خیال رہے کہ ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ 2017ء میں ریلیز ہونے والی مشہور بالی ووڈ فلم ’رئیس‘ میں بطور ہیروئن کام کیا تھا، اس فلم میں اریجیت سنگھ اور ہرشدیپ کور کی آواز میں گانا ’ظالما‘ شامل تھا جو کہ بلاک بسٹر گانا رہا۔