ملت پارک میں کم سن گھریلو ملازمہ جھلس کرجاں بحق
04-28-2024
(لاہور نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے ملت پارک میں 10 سالہ گھریلو ملازمہ جھلس کر جان کی بازی ہارگئی۔
پولیس کے مطابق کمسن گھریلو ملازمہ زینب کی موت آگ سے جھلس کر ہوئی اور بچی کو جھلسنے کے بعد 9گھنٹے تک گھر میں ہی رکھا گیا ، پتوکی کی رہائشی زینب، سلیمان نامی شخص کے گھر ملازمت کرتی تھی۔ زینب کے باپ رمضان کو اطلاع دی گئی کہ ان کی بیٹی جھلس گئی ہے جس پر اس کے والد ہسپتال پہنچے تو بچی کی موت واقع ہو چکی تھی جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے گھر کے سربراہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بیان میں کہا کہ بچی کچن میں سلنڈر پھٹنے سے جھلس گئی تھی، جس کو ابتدائی طبی امداد گھر میں ہی دی جاتی رہی، حالت زیادہ بگڑنے پر جنرل ہسپتال منتقل کیا۔ اس حوالے سے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچی کو جب جنرل ہسپتال لایا گیا تو وہ دم توڑ چکی تھی ۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ بچی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا اور لاش جلا کر معاملے کو دوسرا رخ دینے کی کوشش کی گئی، پولیس نے مالک مکان کو حراست میں لے کر مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔