پی ٹی آئی ایک اور 9 مئی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے: فیصل کریم کنڈی

04-27-2024

(ویب ڈیسک) رہنما پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک اور 9 مئی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ  لوگ ہمارا مذاق اڑاتے تھے کہ پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہے، آج خود پی ٹی آئی خیبرپختونخوا تک محدود ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے متعلق پی ٹی آئی کو بات سیاسی فورم اور سیاسی لوگوں سے کرنی چاہئے،آج پی ٹی آئی میں سے بہت سی آوازیں اٹھ رہی ہیں، پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات آپس میں نہیں ملتے، پی ٹی آئی میں بے چینی پائی جا رہی ہے، ہم سیاست دان ہیں مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، پی ٹی آئی مس کال کا انتظار کر رہی ہے۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک بار پھر فتنہ فساد کی سیاست کر رہی ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کی بڑھکیں مارنے والی پی ٹی آئی ایک اور 9 مئی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، اس سے قبل کے پی میں سیمنٹ فیکٹری پر بھی حملہ کیا گیا۔