قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم اللہ دتہ ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار
04-27-2024
(لاہور نیوز) 26 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم اللہ دتہ ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انٹرپول اور امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار کر لیا، اشتہاری ملزم پنجاب پولیس کو قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا، ایف آئی اے NCB انٹرپول پاکستان نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ ملزم فلائٹ نمبر SV794 سے پاکستان پہنچا تھا، ملزم اللہ دتہ گزشتہ 26 سال سے تھانہ باغبانپورہ لاہور کو مطلوب تھا، ملزم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، ملزم 1998 میں قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا، ایف آئی اے امیگریشن نے ملزم کو پاکستان پہنچنے پر ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں ملزم کو متعلقہ پولیس حکام کو حوالگی کے لئے کمپوزٹ سرکل ملتان منتقل کر دیا گیا، ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی ایف آئی اے امیگریشن سے قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے، انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لئے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔