پنجاب اور بلوچستان میں آج بارش اورچند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی

04-27-2024

(لاہور نیوز، ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے پنجاب اوربلوچستان میں آج بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق خیبر پختونخوا اورکشمیر کےبعض مقامات پر موسلا دھاربارش بھی متوقع ہے،اسلام آباد اورگردو نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے،بالائی خیبر پختونخوا،مری،گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ  کا خدشہ ہے، دیر، سوات، چترال، مانسہرہ، کوہستان اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں بارش سےگرمی کا زور ٹوٹ گیا،مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اورکہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ پی ڈی ایم اے کےمطابق لاہور،جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے،دوسری جانب مالاکنڈ،جیکب آباد، شکارپور میں بھی بادل برسے جبکہ کوئٹہ میں ژالہ باری ہوئی ہے۔ لاہور میں آج سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کے ساتھ ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 21 جبکہ کے زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سنٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔  محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 56فیصد تک جا پہنچا ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق شہر لاہور میں آج سے 29اپریل تک شدید بارشیں متوقع ہیں۔ دوسری جانب آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں 9ویں نمبر پر براجمان ہے۔ شہر میں سموگ کی اوسط شرح 108 ریکارڈ کی گئی ہے۔