اداکار نعیم ہاشمی کو مداحوں سے بچھڑے 48 برس بیت گئے
04-27-2024
(لاہور نیوز) پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نعیم ہاشمی کو مداحوں سے بچھڑے 48 برس بیت گئے ہیں، فلمی صنعت کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، پاکستان میں پہلا سٹیج ڈرامہ کرنے کا سہرا بھی انہی کے سر ہے۔
نعیم ہاشمی نے اداکاری کا آغاز قیام پاکستان سے قبل کیا، لاہور میں سٹیج ڈراموں میں بھی فن کے جوہر دکھائے، ان کی سب سے پہلی فلم ’’دیوانے دو‘‘ تھی، نعیم ہاشمی نے 50 کی دہائی میں ولن جبکہ 60 اور 70 کی دہائی میں کیریکٹر ایکٹر کے طور پر کام کیا، مکالمے کی جاندار ڈیلیوری ان کی پہچان تھی۔ نعیم ہاشمی کی ہر دلعزیز فلموں میں ’’چھوٹی بیگم‘‘، ’’سرفروش‘‘، ’’دروازہ‘‘، ’’ایاز‘‘، ’’بنارسی ٹھگ‘‘ اور ’’بابل‘‘ کے نام شامل ہیں، نعیم ہاشمی نے الزام، نگار، جادوگر، شوہر، خاتون سمیت کئی فلموں کی کہانیاں اور گیت بھی لکھے، فلم نور اسلام اور عظمت اسلام کیلئے ان کی لکھی گئی نعتیں امر ہوچکی ہیں۔ نعیم ہاشمی نے 1948ء میں پاک بھارت جنگ کے دوران کشمیر کے محاذ پر جا کر مسئلہ کشمیر پر پہلی ڈاکیو منٹری فلم ’’انقلاب کشمیر‘‘بھی بنائی، پاکستانی فلم انڈسٹری کے بانیوں میں شامل کہنہ مشق یہ فنکار27اپریل 1976ء کو اس دار فانی سے کوچ کر گیا تھا۔