حکومت کسانوں کو ہر صورت ریلیف دے گی: ملک محمد احمد خان
04-26-2024
(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے حکومت کسانوں کو ہر صورت ریلیف دے گی۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ دو ہزار چودہ سے آج تک ایک ہی بندے کی غیر مستحکم کوششوں کے باعث حکومتوں کو گرایا گیا، آج بھی اسمبلیوں اور پارلیمنٹ پر انہی کا قبضہ ہے کیونکہ ادھر نہ تقریر ہوتی ہے نہ بحث ہوتی ہے، بس احتجاج ہوتا ہے، ملک میں تباہی کا ذمہ دار وہ شخص اس وقت جیل میں ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے پولیس کی وردی اعزازی طور پر پہنی اور اس میں کوئی حرج بھی نہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کو ہر صورت ریلیف دے گی، بڑی تعداد میں پرائیویٹ سطح پر گندم امپورٹ کی گئی جو اب رکھ بھی نہیں سکتے، حکومت کے پاس 25 لاکھ ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے اور مزید گندم رکھنے کی گنجائش نہیں ہے، اگر حکومت مزید گندم خریدے گی تو یہ بڑا چیلنج ہو گا۔