شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، پروازوں کا رُخ موڑ دیا گیا
04-26-2024
(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث پروازوں کا رُخ موڑ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں گجومتہ، ٹھوکر نیاز بیگ، واپڈا ٹاؤن، ویلنشیا، سمن آباد ، گلبرگ، فیصل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، گلشن راوی اور اسلام پورہ کے اطراف میں موسلادھار بارش ہوئی، شملہ پہاڑی، مال روڈ، جیل روڈ، لکشمی، گڑھی شاہو، کاہنہ اور اس کے گردونواح میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ موسلادھار بارش کے باعث لاہور لینڈ ہونے والی مختلف پروازوں کا رُخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا، پی آئی اے کی ریاض سے لاہور آنے والی پرواز 726 کا رخ لاہور سے اسلام آباد موڑ دیا گیا، پی آئی اے کا طیارہ لاہور کی فضا میں کافی دیر رہنے کے بعد اسلام باد موڑ دیا گیا۔ اس کے علاوہ سعودی ایئر کی ریاض سے لاہور آنے والی پرواز ایس وی 736 بھی لاہور کی فضا میں موجود رہی، پائلٹ طیارے کو خراب موسم کے باعث 36 ہزار فٹ کی بلندی پر لے گیا۔ لاہور کا موسم طوفانی بارش کے باعث خراب ہو گیا، تیز طوفانی بارش نے ہر طرف جل تھل کر دیا۔ اسلام آباد ایئر پورٹ کو پروازوں کی لینڈنگ کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا، ذرائع کے مطابق سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان ایئر پورٹ بھی طوفانی بارش کی لپیٹ میں ہونے کے باعث اسلام آباد ایئر پورٹ پر پروازوں کا رخ موڑا جائے گا۔