ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 1.10 فیصد کمی ریکارڈ
04-26-2024
(لاہورنیوز) ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 1.10 فیصد کمی ہوئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح 26.94 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران15 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، آلو کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 40 پیسے اضافہ ہوا، خشک دودھ 390 گرام 10 روپے 39 پیسے مہنگا، برانڈڈ ویجیٹیبل گھی کی فی کلو قیمت میں ساڑھے تین روپے اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دال ماش فی کلو چار روپے اور چینی فی کلو 87 پیسے مہنگی ہوئی، گڑ فی کلو 1 روپے 21 پیسے اور دال مونگ کی قیمتوں میں 52 پیسے اضافہ ہوا ، بکرے کا گوشت 9 روپے 40 پیسے فی کلو اور بیف 3 روپے 26 پیسے مہنگا فروخت ہواجبکہ دال مسور کی فی کلو قیمت 20 پیسے بڑھی۔ ادارہ شماریات کا مزید کہنا تھا کہ ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 24 روپے ،پیاز کی فی کلو قیمت میں 29 روپے ، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 60 روپے تک کمی آئی، 20 کلو آٹے کی قیمت میں 114 روپے، انڈے کی فی درجن قیمت میں 11 روپے تک کمی ریکارڈ ہوئی، جبکہ گھریلو سلنڈر 134 روپے 83 پیسے سستا ہوا۔