جبر کی تمام رکاوٹیں دور، نواز شریف دوبارہ پارٹی کی قیادت کریں گے: رانا ثنا اللہ
04-26-2024
(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سیاسی بیانیے کو کچھ ہفتے تک لوگوں کے سامنے لائیں گے۔
ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ(ن) کا تنظیمی اجلاس ہوا، اجلاس میں تمام عہدیداران نے شرکت کی، اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا میاں نواز شریف کو ایک سازشی جوڈیشل آرڈر کے تحت صدارت سے علیحدہ کیا گیا تھا، جبر کی تمام رکاوٹیں دور ہو چکی ہیں، میاں نواز شریف دوبارہ پارٹی کی قیادت کریں گے، نواز شریف سے پارٹی کی قیادت دوبارہ سنبھالنے کی درخواست کر دی گئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا شہباز شریف دن رات ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) ایک جمہوری اور سیاسی جماعت ہے، مسلم لیگ (ن) میں رائے کے اظہار میں کوئی قدغن نہیں ہے، کوتاہیوں اور کمزوریوں پر قابو پائیں گے، مریم نواز پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔ رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا 2017 میں نواز شریف کو جبر کے ذریعے پارٹی سے الگ کیا گیا تھا، نواز شریف کی لیڈرشپ میں انہی کا بیانیہ رہا اور اب بھی وہ رہے گا، بیانیہ چاہے مزاحمت کا ہو یا مفاہمت کا نواز شریف کا بیانیہ ہی رہے گا،سیاسی بیانیے کو کچھ ہفتے تک لوگوں کے سامنے لائیں گے۔