الیکشن کمیشن نے آزاد ارکان اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کو تسلیم کر لیا

04-26-2024

(ویب ڈیسک) تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کے لئے اچھی خبر آ گئی ، الیکشن کمیشن نے آزاد ارکان قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کو تسلیم کر لیا۔

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو باضابطہ پارٹی پوزیشن سے آگاہ کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل میں 82 آزاد ارکان قومی اسمبلی شامل ہوئے، جس میں پنجاب سے 49 اور خیبرپختونخوا کے 33 ارکان شامل ہوئے۔ دستاویز کے مطابق سنی اتحاد کونسل کو کوئی مخصوص نشست نہیں دی گئی جبکہ قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل دوسری بڑی جماعت ہے۔ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ کے 120، پیپلزپارٹی کے 71 ارکان ہیں ، قومی اسمبلی میں 7 ارکان آزاد ہیں، ایم کیو ایم کے 21، جے یو آئی کے 11، ق لیگ کے پانچ ارکان ہیں۔ دستاویز کے مطابق آئی پی پی کے 4، ایم ڈبلیو ایم، پی کے میپ، بی این پی کا ایک ایک رکن ، پی ایم ایل ض، بی اے پی، نیشنل پارٹی کے ممبران کی تعداد ایک، ایک ہے۔