پنجاب حکومت کا سموگ کے خاتمے کیلئے ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی بنانے کا فیصلہ

04-26-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے سموگ کے خاتمے اور ماحول کو بہتر بنانے کے لئے ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی (انوائرنمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی)بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتھارٹی ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات اور قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر  صدارت اجلاس میں سموگ کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں سموگ مانیٹرنگ سیکٹورل سیل بنایا گیا ہے جس میں ہر ڈیپارٹمنٹ کا نمائندہ موجود ہے، ماحول کی بہتری کے لئے وزیراعلیٰ کے وژن پر عمل درآمد کے لئے لیگل فریم ورک بنانے کا کام شروع کردیا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہر شعبے کے لحاظ سے قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد کے لئے ہنگامی اقدامات کا ایکشن پلان تیار کرلیا گیا  ہے، ماحول کے تحفظ کے لئے خصوصی فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کون سا شعبہ سموگ میں کتنے اضافے کی وجہ بن رہا ہے اس حوالے سے ڈیجیٹل ڈیٹا جمع کیاجائے گا۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سموگ، زہریلے مادوں اور دھوئیں کے اخراج کے ذرائع کیخلاف کریک ڈاؤن ہوگا، صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق ماحولیاتی قوانین اور ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد کرائیں گے، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلے گا، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹے بند کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کے لئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا جا رہا ہے، زیادہ دھواں چھوڑنے اور خراب انجن والی گاڑیوں کو بند کیا جائے گا، خراب انجن والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ اور سرٹیفکیشن کا نظام لایا جا رہا، زہریلے دھوئیں پر کنٹرول کے لئے تمام صنعتوں کو "ایمشن کنٹرول سسٹمز" لگانے کا پابند کرنے کا نظام تیار کر لیا گیا ہے۔