شاہدرہ: محکمہ وائلڈ لائف نے سمگل شدہ جنگلی پرندوں کی بڑی کھیپ پکڑ لی
04-26-2024
(لاہور نیوز)محکمہ وائلڈ لائف کا صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگ زیب کی ہدایت پر وائلڈ لائف کا خصوصی سکواڈ صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشنز کر رہا ہے جس کی نگرانی ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک کررہے ہیں۔ ڈی جی وائلڈ لائف کی ہدایت پر سپیشل وائلڈ لائف سکواڈ نے رات گئے شاہدرہ موڑ پر بڑی کارروائی کے دوران سمگل ہو کر آنیوالے جنگلی پرندوں کی بہت بڑی کھیپ پکڑلی، 5 ہزار سے زائد تحفظ شدہ جنگلی پرندے سرگودھا سے لاہور بھیجے جارہے تھے، پکڑے جانیوالے پرندوں میں زرد اور بھورے ممولے شامل ہیں۔ جنگلی پرندوں کو بند پنجروں میں قید کر کے سمگل کیا جارہا تھا، پرندے لاہور میں پرندوں کے مشہور غیر قانونی ڈیلر رضا کو بھیجے جارہے تھے، ضبط شدہ جنگلی پرندوں کو گزشتہ رات ہی کرول گھاٹی جنگل میں حفظ ما تقدم کے پیش نظر فوری آزاد کر دیا گیا جبکہ ملزم رضا کیخلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک نے بتایا ہے کہ وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلا تفریق کارروائیاں کی جارہی ہیں ،جنگلی جانوروں و پرندوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، جنگلی جانوروں اور پرندوں کا غیر قانونی کام کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔