شادی بچانے کے لیے قربانیاں دیں، فرح سعدیہ کی پرانی ویڈیو وائرل

04-26-2024

(ویب ڈیسک) اداکارہ و ٹی وی میزبان فرح سعدیہ کی پرانی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں وہ شادی بچانے کے لیے بہت ساری قربانیاں دینے کی بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

شوبز ویب سائٹس کے مطابق فرح سعدیہ کی پہلی شادی ہدایت کار و اداکار اقبال حسین سے ہوئی تھی، جن کی ان سے 2013 میں طلاق ہوگئی تھی۔ فرح سعدیہ کو پہلی شادی سے دو بچے بھی ہیں اور پرانے انٹرویو میں وہ بچوں کی پرورش، تعلیم اور اپنی شادی کو بچانے کی بات کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر کلپ فرح سعدیہ کے فروری 2022 کے انٹرویو کی ہے جو کہ انہوں نے اداکار و میزبان نعمان اعجاز کو دیا تھا۔ فرح سعدیہ کو وائرل کلپ میں اپنی شادی بچانے کے لیے قربانیاں دینے کی بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ اداکارہ نے شوہر کا نام لیے بغیر بتایا کہ انہوں نے اداکاری کے آغاز میں ہی شادی کو چلانے، بچانے اور بچوں کی بہتر پرورش کی خاطر اداکاری چھوڑ دی تھی۔ اداکارہ نے بتایا کہ چونکہ انہیں شادی کے فوری بعد ہی مارننگ شو کرنے کی پیش کش ہوئی تو انہوں نے اسے قبول کرلیا اور وہ کئی سال تک پروگرام کرتی رہیں تاکہ اپنی شادی چلا سکیں اور بچوں کی پرورش کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد ہر شعبے کی خواتین کو کیریئر اور خاندان میں سے بہت ساری چیزوں کی قربانی دینی پڑتی ہے اور المیہ یہ ہے کہ خواتین کی قربانیوں کو تسلیم بھی نہیں کیا جاتا۔ مذکورہ کلپ میں اداکارہ نے شوہر کا نام نہیں لیا اور نہ ہی انہوں نے شادی میں مشکلات کا ذکر کیا جبکہ اسی پروگرام میں انہوں نے بتایا تھا کہ اب ان کے بچے بڑے ہو چکے ہیں اور ان کی ذمہ داریاں کم ہوئی ہیں۔ فرح سعدیہ نے اسی انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے سال 2000 میں ہی مارننگ شو کرنا شروع کیا تھا اور اس وقت پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے علاوہ کوئی دوسرا چینل نہیں تھا، انہوں نے ٹی وی پر 15 سال تک مارننگ شو کیا۔ اسی انٹرویو میں انہوں نے پہلی شادی ختم ہونے سمیت دوسری ذاتی زندگی پر کوئی بات نہیں کی تھی، تاہم عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد ہی اداکاری میں دوبارہ قدم رکھیں گی۔