یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور میں پہلی تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد

04-26-2024

(ویب ڈیسک) یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں لاہور کے ڈویژن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیراہتمام پہلی تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا۔

یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے ڈویژن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں پہلی تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا، جس میں باٹنی، کیمسٹری، زوالوجی، انفارمیشن سائنس، ریاضی اور فزکس کے مجموعی طور پر 296 طلبہ و طالبات کو اسناد اور شیلڈز پیش کی گئیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید نے تقریب تقسیم اسناد میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویژن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر ابرار حسین سمیت اساتذہ، طلباء اور ان کے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید نے اسناد حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فارغ التحصیل طلباء کے لئے ڈگری کا حصول ایک لمحہ فخریہ ہوتا ہے اور ہر کسی کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اسے سٹیج پر بلا کر یہ اعزاز بخشا جائے تاہم وقت کی قلت اور طلباء کی کثیر تعداد کے باعث ایسا ممکن نہیں ہوتا لیکن اس بار یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور نے یہ ایک نیا قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت تمام طلباء کو ان کے والدین اور اساتذہ کے سامنے سٹیج پر بلا کر ڈگریوں سے نوازا جا رہا ہے۔