ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ : نیویارک کا سٹیڈیم تیزی سے تیاری کی جانب گامزن

04-26-2024

(ویب ڈیسک) رواں سال جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونیوالے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے امریکی شہر نیویارک کا نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کی تیاری کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں جنوری سے اب تک ٹائم لیپس میں سٹیڈیم کی تیاری کا منظر پیش کیا گیا ہے ۔ جنوری میں جہاں میدان تھا وہاں آج سٹیڈیم کا ڈھانچہ تیار ہوگیا ہے ۔ گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ ٹرف لگائی جا چکی ہے ۔ اگلے مرحلے میں اسکوائر پر ڈراپ ان پچز لگانے کا کام مکمل ہوگا۔ آئی سی سی مئی کے پہلے ہفتے میں سٹیڈیم مکمل تیار کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ مئی کے آخر میں نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں ایک ٹیسٹ ایونٹ بھی ہوگا۔ نساؤ کاؤنٹی اٹیڈیم میں پاک بھارت میچ سمیت میگا ایونٹ کے 8 میچز ہوں گے ۔ یہاں پہلا میچ 3 جون کو سری لنکا اور جنوبی افریقا کے درمیان ہوگا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 9 جون کو ہوگا ۔ سٹیڈیم میں 34 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔