مرغی کی قیمت میں کمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: وزیر خوراک پنجاب

04-25-2024

(ویب ڈیسک) وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

اپنے بیان میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی لاہور میں پشاور سے 100 روپے کم پر مرغی دستیاب ہے تاہم پرائس نیچے لائیں گے، چوزے کی ایکسپورٹ پر پابندی لگا رہے ہیں تاکہ ملک میں مرغی کی قیمتیں نیچے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 800 روپے کی کمی ہوئی ہے، یہ تاریخی اقدام ہے۔ وزیر خوراک نے کہا کہ کسان زمین کا سینہ چیر کر ہمارے لیے اناج اگاتا ہے لہٰذا انکا خیال رکھیں گے، کسانوں کو ریلیف دینے کے لیے 130 ارب روپے کا کسان پیکج لا رہے ہیں۔ دوسری جانب، وزیر خوراک بلال یاسین کی قیادت میں فوڈ اتھارٹی نے سپیشل میٹ سیفٹی ٹاسک فورس بھی لانچ کر دی، ٹاسک فورس سپلائی ہونے والے گوشت کی تفصیلی جانچ پڑتال کو یقینی بنائے گی۔