شاہین ہر پِچ پر آؤٹ کرنا چاہتا ہے، وہ عامر سے بہت کچھ سیکھ لے گا: شاہد آفریدی

04-25-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی محمد عامر سے بہت کچھ سیکھ لے گا، شاہین سمجھتا ہے ہر قسم کی پچ پر آؤٹ کرنا ہے۔

امریکا کے شہر ہیوسٹن میں انہوں نے دیگر سابق کرکٹرز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آفریدیوں کو سمجھانا بہت مشکل کام ہے، وہ شاہین کو اس لیے نہیں سمجھا پاتے کہ وہ بھی آفریدی ہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں محمد عامر کے آنے سے شاہین شاہ آفریدی کو بہت سپورٹ مل جائے گی کیونکہ عامر تجربہ کار ہے اور ہر قسم کی صورتحال میں عامر کو بال کرنا آتا ہے۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ وہ اس عمر میں بھی چھکے مارنے کے لیے حاضر ہیں، ہماری نمبر ون باؤلنگ ہے، زبردست سٹرینتھ ہے لیکن مجھے یہ سمجھ نہیں آتی کہ ہم ڈیڈ پچز کیوں بناتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا میں ایشین کمیونٹی بہت زیادہ ہے جہاں پر کمیونٹی ہوگی وہاں پر کرکٹ خود بخود آجائے گی۔ اس موقع پر سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ مینجمنٹ سمیت ٹیم ایک پیج پر ہو تو اللہ کی مدد آتی ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان آئے گی۔