حماد اظہر پر درج مقدمات کی تفصیلات کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش
04-25-2024
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر پر درج مقدمات کی تفصیلات کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر کی درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت پنجاب پولیس اور اینٹی کرپشن نے مقدمات کی تفصیلات کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں پیش کی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب پولیس نے حماد اظہر پر 33 مقدمات درج کر رکھے ہیں، رہنما پی ٹی آئی کیخلاف لاہور ریجن میں 14، راولپنڈی میں 14، فیصل آباد میں 4 اور گوجرانوالہ میں ایک مقدمہ درج ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن میں حماد اظہر پر ایک مقدمہ درج ہے۔ یاد رہے کہ حماد اظہر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کئے گئے، عدالت درخواست گزار کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا موقع فراہم کرے۔